بہار کی راجدھانی پٹنہ کے مشہور ’پال ہوٹل‘ میں آج زبردست آگ لگ گئی، جس میں اب تک 6 لوگوں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ پٹنہ کے ریلوے جنکشن واقع اس ہوٹل میں آگ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کا دستہ پہنچ گیا اور فوری طور پر ریسکیو مہم شروع ہو گئی۔ ریسکیو کے دوران ایک خاتون کی جلی ہوئی لاش ہوٹل سے نکالی گئی، جبکہ 5 افراد کی موت علاج کے دوران ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلڈنگ میں موجود تقریباً 3 درجن افراد کو انتہائی مشقت کے بعد باہر نکالا گیا۔ اس حادثہ میں زخمی تقریباً 15 افراد کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ آگ کی خوفناکی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تقریباً 2 گھنٹے تک پورے علاقے میں افرا تفری کا ماحول بنا رہا۔ یہ آگ صبح 11 بجے لگی تھی جس نے تھوڑی ہی دیر میں شدت اختیار کر لی۔ ہوٹل کے سامنے واقع پل پر اس آگ کی وجہ سے زبردست جام بھی لگ گیا۔
فائر بریگیڈ محکمہ کے ڈی آئی جی مرتیونجے کمار جائے حادثہ پر موجود ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آگ پر تقریباً قابو پا لیا گیا ہے۔ ہوٹل کے اندر کمروں کی تلاشی کی جا رہی ہے کہ کہیں کوئی اندر پھنسا ہوا تو نہیں ہے۔ ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ تقریباً 25 لوگوں کا ریسکیو کیا گیا ہے۔ پولیس و فائر بریگیڈ کے افسران آگ لگنے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ فی الحال کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں کہا جا رہا کہ یہ حادثہ کیوں ہوا۔