
ئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ مضبوط اصلاحات اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ’وکست بھارت 2047‘ کے سفر کو نئی شکل دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او انڈیا) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے صدر آر مکندن کے ایک مضمون کا حوالہ دیا۔ اس مضمون میں بتایا گیا ہے کہ بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، جی ایس ٹی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، کارپوریٹ ٹیکس میں اصلاحات، پیداوار سے منسلک ترغیبی (پی ایل آئی) اسکیموں اور تجارتی معاہدوں کے ذریعے ملک کی ترقی کی بنیاد کس طرح مضبوط کی گئی ہے۔ پی ایم او کی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ہندوستان کی اقتصادی صلاحیت کو پائیدار خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت اور صنعت کو ’ٹیم انڈیا‘ کے طور پر مل کر کام کرنا چاہیے۔ آر مکندن نے ایک معروف مالیاتی روزنامے میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں تصور پیش کیا ہے کہ اگست 2047 میں، یعنی ہندوستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے پر، سی آئی آئی کا صدر ملک کی ترقی کے حوالے سے کیا لکھے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ’وکست بھارت‘ کے ہدف تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ بھی پیش کیا ہے۔
2047 تک اعلیٰ آمدنی والا ملک بنانے کا ہدف
مکندن نے ہندوستان کو ایک ایسے اعلیٰ آمدنی والے ملک کے طور پر دیکھا ہے جہاں مجموعی پیداوار میں مینوفیکچرنگ کا حصہ 25 فیصد ہو، باضابطہ روزگار کے مواقع اور افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت بڑھے، نیز ہندوستانی کمپنیاں سیمی کنڈکٹر، صاف توانائی اور ادویہ سازی جیسے شعبوں میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کریں۔ موجودہ اقتصادی اشاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2025 تک فی کس مجموعی قومی آمدنی (جی این آئی) 2,760 ڈالر تھی، جبکہ مجموعی قدر افزوده (جی وی اے) میں مینوفیکچرنگ کا حصہ تقریباً 15 فیصد اور تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) پر ہونے والا خرچ جی ڈی پی کا 0.84 فیصد تھا۔
اسمارٹ فون سب سے بڑی برآمدی مصنوعات بنے
مضمون کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اسمارٹ فون ہندوستان کی سب سے بڑی برآمدی مصنوعات بن گئے۔ اس دوران سیمی کنڈکٹر سے متعلق 12 منصوبوں کو منظوری دی گئی، جبکہ غیر فوسل ایندھن پر مبنی توانائی کی صلاحیت 300 گیگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ اپریل سے ستمبر 2026 کے درمیان اعلان کردہ 26.6 لاکھ کروڑ روپے کے منصوبوں میں 86 فیصد سرمایہ کاری نجی شعبے کی جانب سے کی گئی۔ مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ جی ایس ٹی اصلاحات، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور پیداوار سے منسلک ترغیبی (پی ایل آئی) اسکیموں کی مدد سے ہندوستان کی اقتصادی شرح نمو تقریباً 8 فیصد کی سطح پر برقرار رہی۔ مکندن کے پیش کردہ روڈ میپ کی بنیاد چھ اہم ستونوں پر ہے۔ اس میں کمپنیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ طلب میں اضافے سے پہلے ہی اپنی پیداواری صلاحیت میں توسیع کریں، درآمدات یا مستقل سرکاری تحفظ پر انحصار کرنے کے بجائے ملک کے اندر تحقیق و ترقی کے نظام کو مضبوط بنائیں۔ اس کے علاوہ صرف ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ تک محدود رہنے کے بجائے ریاستی سطح پر اصلاحات کے ذریعے کام کی رفتار تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔





