
بالی ووڈ کے عظیم اداکار امیتابھ بچن ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، لیکن اس مرتبہ وجہ انتہائی حساس اور تشویش ناک ہے۔ ممنوعہ دہشت گرد تنظیم ’سکھ فار جسٹس‘ کے سربراہ اور خالصتانی دہشت گرد گرپتونت سنگھ پنو نے امیتابھ بچن کو جان سے مارنے اور ان کے خلاف مظاہرہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ پنو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے خالصتانی حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 19 سے 27 نومبر کے درمیان ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’جلسہ‘ کے باہر جمع ہوں۔
پنو نے 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا پرانا اور حساس حوالہ دیتے ہوئے امیتابھ بچن کو نشانہ بنایا ہے۔ یہی نہیں، ’جلسہ‘ کے باہر احتجاج کرنے یا وہاں کسی طرح کا ماحول پیدا کرنے کے لیے 11 لاکھ روپے کے انعام کی پیش کش بھی کی گئی ہے۔ اس دھمکی کے سامنے آنے کے بعد فلم انڈسٹری اور سکیورٹی ایجنسیوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔
دلجیت دوسانجھ بھی نشانے پر
اس دھمکی آمیز پیغام میں صرف امیتابھ بچن ہی نہیں بلکہ مشہور پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ پنو نے دلجیت کے خلاف ’شٹ ڈاؤن دلجیت‘ مہم چلانے کا اعلان کیا ہے اور ان کے پروگراموں میں خلل ڈالنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، خالصتانی دہشت گرد کی ان سرگرمیوں کا مقصد ملک کا ماحول خراب کرنا اور مشہور شخصیات کو ڈرا دھمکا کر خوف زدہ کرنا ہے۔
ممبئی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیاں پوری طرح چوکس
اس ہائی پروفائل دھمکی کے بعد ممبئی پولیس اور ملک کی مختلف خفیہ و سکیورٹی ایجنسیاں پوری طرح چوکس ہو گئی ہیں۔ اداکار امیتابھ بچن کی جوہو میں واقع رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے اطراف سکیورٹی انتظامات کا سختی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور حفاظتی حصار مزید مضبوط کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پولیس اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کسی بھی شرپسند عنصر کو مشہور شخصیات کے گھروں کے باہر امن و امان خراب کرنے کا موقع نہ ملے۔ فی الحال ممبئی پولیس پورے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کے اشتعال انگیز پیغامات پھیلانے والوں کی تکنیکی جانچ بھی کی جا رہی ہے، تاکہ بروقت ٹھوس اقدامات کیے جا سکیں۔





