
نئی دہلی: خواتین پہلوانوں کے مبینہ جنسی ہراسانی کے معاملے میں بی جے پی کے سابق رکنِ پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کوبڑی راحت ملی ہے۔ دہلی کی راؤزایوینیوکورٹ نے پیر(3 اگست) کوسنائے گئے فیصلے میں انہیں تمام الزامات سے بری کردیا۔ عدالت نے اس مقدمے میں شریک ملزم ونود تومرکوبھی بری کردیا ہے۔ فیصلے کے بعد برج بھوشن شرن سنگھ کا پہلا ردِعمل بھی سامنے آیا ہے۔
برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ جس دن ان پرالزامات لگائے گئے تھے، اسی دن انہوں نے کہا تھا کہ اگرایک بھی الزام ثابت ہوگیا تووہ خود پھانسی پرچڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً تین سال بعد عدالت نے انہیں باعزت بری کردیا، جوان کے اوران کے حامیوں کے لئے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا، “ہوئی ہی سوئی جورام راچی راکھا‘۔ (ہوگا وہی، جوخدا نے لکھ رکھا ہے)۔
“الزام ثابت ہوتا تو خود پھانسی پر چڑھ جاتا”
برج بھوشن نے کہا، “18 جنوری 2023 کو ہی میں نے کہہ دیا تھا کہ یہ ایک سازش ہے۔ اگرمیرے خلاف کوئی بھی الزام درست ثابت ہوجاتا تومیں خود پھانسی پرچڑھ جاتا۔ آج عدالت نے مجھے اورونود تومرکوبری کردیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ جنترمنترپراحتجاج کے دوران انہیں پھانسی دینے اورزندہ جلانے تک کے مطالبات کیے جا رہے تھے، لیکن انہیں اپنے اوپر اور انصاف کے نظام پرپورا بھروسہ تھا۔
“مجھے یقین تھا کہ انصاف ضرور ملے گا”
سابق رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ 15-16 سال کی عمرسے جدوجہد کرتے آئے ہیں اورہمیشہ کمزوراورمظلوم لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، “مجھے کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ میں مجرم ہوں۔ مجھے یقین تھا کہ میرے ساتھ انصاف ہوگا اورآج عدالت نے وہ انصاف کردیا۔” برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ ان کی بات آخرکاردرست ثابت ہوئی اورعدالت نے انہیں باعزت بری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے خاندان اورحامیوں کے لیے خوشی کا دن ہے، اس لیے وہ ماضی کی باتوں کوبھلا کرآگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
بیٹے کرن بھوشن سنگھ کا ردِعمل
عدالتی فیصلے پربرج بھوشن کے بیٹے اوربی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ کرن بھوشن سنگھ نے بھی خوشی کا اظہارکیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا، “میں عدالت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ سچائی، نوجوان پہلوانوں اورقیصرگنج کے عوام کی جیت ہے۔ آج ہم پورے اعتماد کے ساتھ ملک کے سامنے کھڑے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے اس وقت ان کے والد کے خلاف بیانات دیے تھے، کیا وہ اب سامنے آکریہ تسلیم کریں گی کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی؟
بی جے پی کے سینئرلیڈران میں برج بھوشن سنگھ کا شمار
برج بھوشن شرن سنگھ بی جے پی کے اہم رہنماؤں میں شمارکئے جاتے ہیں۔ وہ اترپردیش کی قیصرگنج لوک سبھا سیٹ سے 6 مرتبہ رکنِ پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ تاہم خواتین پہلوانوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ ان کی جگہ ان کے بیٹے کرن بھوشن سنگھ کوامیدواربنایا گیا، جنہوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82






