
نئی دہلی :بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت اپنے ایک متنازع بیان کی وجہ سے سیاسی اور عوامی تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جنریشن زی (Gen Z) کو “گٹر جنریشن” قرار دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی اوراپوزیشن جماعتوں نے بھی ان کے بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاج کے دوران وائرل ہونے والی ویڈیوز اور ریلز پر ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان ویڈیوز میں استعمال ہونے والی زبان انتہائی غیر مہذب ہے اور انہیں دیکھ کر وہ ذہنی سکون کے لیے کچھ عرصے تک سوشل میڈیا سے دور رہنا چاہتی ہیں۔
اپنے بیان میں کنگنا نے کہا، “میں نے اپنی پوری زندگی میں اتنی عجیب اور بھدی چیز کبھی نہیں دیکھی۔ ان لوگوں کو کس نے پیدا کیا اور کس نے ان کی پرورش کی؟ یہ تو گٹر والی نسل ہے۔ یہ لڑکیاں تو گھریلو خاتون بننے کے قابل بھی نہیں ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج میں استعمال ہونے والی زبان بھارت کی تہذیب، شائستگی اور ثقافتی اقدار کے خلاف ہے۔کنگنا نے سوال اٹھایا کہ نئی نسل اس طرح کا رویہ اور زبان کہاں سے سیکھ رہی ہے۔ ان کے مطابق بھارت ہمیشہ اپنی تہذیب، تنوع اور شائستہ روایات کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن لوگوں کو توہین آمیز ناموں سے پکارنا اور غیر مہذب زبان استعمال کرنا ملک کی ثقافتی شناخت سے میل نہیں کھاتا۔
کنگنا کے اس بیان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات کو اب سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ کانگریس کے لیڈروں کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو اپنی زبان اور طرزِ بیان میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ادھر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے لیڈر وارث پٹھان نے بھی کنگنا رناوت سے فوری معافی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی پوری نسل کے بارے میں اس طرح کے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنا مناسب نہیں اور ایک رکنِ پارلیمنٹ کو اپنے عہدے کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔
سی جے پی سے وابستہ سوربھ داس نے بھی کنگنا کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ اب کوئی انہیں سنجیدگی سے لیتا ہے۔ وہ اب ایک عوامی نمائندہ ہیں، اس لیے انہیں اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہیے۔ آپ سے کئی گنا زیادہ جنریشن زی نے اس ملک کے لیے کام کیا ہے اور جمہوریت پر عوام کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”واضح رہے کہ جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاج کے دوران بعض مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی، میمز اور سخت زبان کے استعمال پر پہلے ہی سوشل میڈیا پر بحث جاری تھی۔ اسی دوران کنگنا رناوت کے متنازع بیان نے اس تنازع کو مزید ہوا دے دی۔ سوشل میڈیا پر متعدد یوزر نے ان کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی، جبکہ بعض افراد نے احتجاج کے دوران استعمال ہونے والی زبان پر بھی سوالات اٹھائے۔ اس معاملے نے ایک نئی سیاسی اور سماجی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







