
نئی دہلی : سماجی کارکن سونم وانگچک کی جانب سے 26 بھوک ہڑتال ختم کیے جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا پہلا بڑا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے سونم وانگچک کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جلد صحت یاب ہونے کی اپیل کی۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ وہ بھگوان سے سونم وانگچک کی مکمل صحت اور درازیٔ عمر کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سونم جی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق اپنی روزمرہ زندگی ترتیب دیں اور جلد از جلد اپنا پرانا وزن دوبارہ حاصل کریں۔
وزیر اعظم مودی کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مرکزی وزراء جے پی نڈا اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ مثبت مذاکرات کے بعد سونم وانگچک نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔سونم وانگچک کی صحت سے متعلق پیغام کے ساتھ وزیر اعظم مودی نے ملک کے طلبہ، نوجوانوں اور والدین کے نام ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک کا مسئلہ کوئی معمولی معاملہ نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ اور ان کے خاندانوں کے مستقبل سے جڑا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران اس معاملے میں متعدد سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پیپر لیک کے مرکزی ملزمان اور سازش میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جا چکا ہے اور حکومت اس معاملے میں کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔
وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ پیپر لیک کے واقعات کو روکنے اور مجرموں کو سخت سزا دلانے کے لیے ایک نیا اور سخت قانونی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسودے کو منظوری کے لیے جمعہ کو ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے کہ کسی بھی محنتی اور باصلاحیت طالب علم کا تعلیمی سال یا مستقبل ضائع نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف ایسی سخت کارروائی کی جائے گی جو مستقبل کے لیے مثال بنے گی اور امتحانی نظام میں شفافیت اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







