
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تین روزہ آسٹریلیا دورے کے آخری دن تاریخی میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اور عظیم کرکٹر اسٹیو وا سے ملاقات کے دوران انہیں تقریباً 20 سال پرانی ایک یادگار تصویر بطور تحفہ پیش کی۔ یہ تصویر اس وقت کی تھی جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے اور اسٹیو وا سے ان کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ اس خصوصی لمحے نے دونوں شخصیات کی پرانی یادوں کو تازہ کر دیا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیر اعظم مودی نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلوں، خصوصاً کرکٹ، کے مضبوط تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف کھیلوں کے میدان میں قریبی شراکت دار ہیں بلکہ آنے والے برسوں میں عالمی کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی میزبانی کے لیے بھی تیاریاں کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر بھی اس دورے کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی جی میں نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات ایک خوشگوار تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور یہی تعلق مستقبل میں دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے بھارت کو 2030 دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی ملنے اور 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا 2032 کے برسبین اولمپکس کی میزبانی کرے گا، جب کہ 2028 کا مینز ٹی20 ورلڈ کپ بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہوگا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
تقریب میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز بھی موجود تھے، جنہوں نے پہلے ہی (بی بی ایل)اعلان کیا تھا کہ بگ بیش لیگ 2026-27 سیزن کا افتتاحی میچ بھارت کے شہر چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی کھیلوں کی لیگ کے لیے بھارت میں مقابلے کا انعقاد وسیع ناظرین، بھرپور شائقین اور عالمی سطح پر غیر معمولی رسائی کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ سے بے پناہ محبت پائی جاتی ہے اور بگ بیش لیگ کا افتتاحی میچ چنئی میں کرانا دونوں ممالک کے کھیلوں کے تعلقات میں ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 2026-2027 سیزن کا پہلا میچ 12 دسمبر کو میلبورن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ بگ بیش لیگ کی تاریخ کا پہلا موقع ہوگا جب اس لیگ کا کوئی باضابطہ میچ آسٹریلیا سے باہر منعقد کیا جائے گا۔ اس اقدام کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلوں، ثقافتی روابط اور عوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







