
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی کے انڈونیشیا کے سرکاری دورے کے دوران بھارت اور انڈونیشیا نے دفاع، بحری سلامتی، اہم معدنیات، صحت اور صنعتی تعاون سمیت کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے انڈونیشیا کی فوج کو بھارت میں تیار کردہ برہموس سپرسونک کروز میزائل فراہم کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دی، جسے بھارتی دفاعی صنعت کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔معاہدے کے تحت انڈونیشیا بھارت میں تیار کردہ “استر” فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل بھی خریدے گا۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی تیار کردہ یہ جدید میزائل بیونڈ وژول رینج ایئر ٹو ایئر میزائل (BVRAAM) ہے، جو انتہائی تیزی سے حرکت کرنے والے دشمن طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت انڈونیشیا کو براہموس سپرسونک کروز میزائل کی اضافی بیٹریاں بھی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے بحری سلامتی اور سمندری تحفظ کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک کو بھی حتمی شکل دی، جس سے بحرِ ہند اور جنوب مشرقی ایشیا میں اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
یہ تمام معاہدے وزیراعظم نریندر مودی کے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے، یعنی انڈونیشیا کے دورے کے دوران طے پائے۔ معاہدوں کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا اعتماد دفاع، سلامتی اور بحری تعاون کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے معاہدوں کے ذریعے دفاعی تبادلوں، قدرتی آفات سے نمٹنے اور صنعتی تعاون کو نئی سمت ملے گی۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد بھارت کی معیاری اور کم قیمت ادویات انڈونیشیا کے عوام تک مزید آسانی سے پہنچ سکیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بھارت انڈونیشیا میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تربیت اور صلاحیت سازی میں بھی بھرپور تعاون کرے گا۔
بھارت اور انڈونیشیا نے اہم معدنیات اور اسٹیل سپلائی چین سے متعلق ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ایک اہم معاہدہ کیا، جس کا مقصد اہم معدنی وسائل کی سپلائی چین کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت انڈونیشیا کی ضروریات کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) تیار کرنے میں بھی تکنیکی تعاون فراہم کرے گا، جس سے انتخابی ٹیکنالوجی کے میدان میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دریں اثنا، انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری و عسکری اعزاز “بنتانگ آدی پورنا آف دی ریپبلک آف انڈونیشیا” سے نوازا۔ 1959 میں قائم کیا گیا یہ اعزاز غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے اور اسے انڈونیشیا کا سب سے بڑا قومی اعزاز سمجھا جاتا ہے۔یہ اعزاز وزیراعظم مودی کو دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے ملنے والے اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزازات کی فہرست میں ایک اور اہم اضافہ ہے، جو بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے ہوتے اسٹریٹجک، دفاعی اور سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







