
ئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے فرانس اور سلوواکیہ کے دورے کو مستقبل کی سمت متعین کرنے والا اہم سفارتی سفر قرار دیا ہے۔ روانگی سے قبل جاری بیان میں انہوں نے اس دورے کی اہمیت اور طے شدہ پروگراموں پر روشنی ڈالی۔ وزیرِاعظم 13 سے 18 جون 2026 تک فرانس اور سلوواکیہ کا دورہ کریں گے۔ وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ فرانس بھارت کے اسٹریٹجک وژن میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں ایمانوئل میکروں کے دورۂ ہند کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو ’’خصوصی عالمی تزویراتی شراکت داری‘‘ (Special Global Strategic Partnership) تک بلند کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا: ’’میں نیس میں صدر میکرون سے ملاقات کروں گا، جہاں فروری کے بعد سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کے تعاون کے نئے راستوں پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے اہم عالمی مسائل پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔‘‘
’بھارت انوویٹس‘ پروگرام کا افتتاح
وزیرِاعظم 14 جون کو نیس میں صدر میکرون کے ساتھ مشترکہ طور پر ‘بھارت انوویٹس’ (Bharat Innovates) پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ یہ تقریب ’’انڈیا-فرانس ایئر آف انوویشن‘‘ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بھارت کے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کو عالمی سرمایہ کاروں سے جوڑنا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں سے سامنے آنے والی اختراعات کو فروغ دینا ہے۔
سلوواکیہ کا تاریخی دورہ
فرانس کے بعد وزیراعظم مودی 14 اور 15 جون کو سلوواکیہ کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ 1993 میں سلوواکیہ کی آزادی کے بعد کسی بھارتی وزیرِاعظم کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ براتسلاوا میں وزیرِاعظم مودی کی ملاقات پیٹر پلیگرینی اور رابرٹ فیکو سے ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ سلوواکیہ کی کاروباری اور صنعتی شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیرِاعظم کے مطابق یہ دورہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کی سمت جاری پیش رفت کو مزید تقویت دے گا۔
جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت
سلوواکیہ کے دورے کے بعد وزیرِاعظم 16 اور 17 جون کو ایویان میں منعقد ہونے والے جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ مودی نے کہا: ’’جی-7 میں بھارت کی موجودگی ہمارے عالمی شراکت داروں کے اعتماد اور بڑھتے ہوئے بین الاقوامی کردار کی عکاس ہے۔ یہ مسلسل آٹھواں موقع ہے جب بھارت کو جی-7 اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر بھارت نہ صرف اپنی آواز بلند کرے گا بلکہ گلوبل ساؤتھ کی امنگوں اور توقعات کی بھی نمائندگی کرے گا۔‘‘
پیرس میں ویوا ٹیک 2026 میں شرکت
18 جون کو وزیرِاعظم مودی پیرس میں منعقد ہونے والے ویوا ٹیک 2026 (VivaTech 2026) پروگرام میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ ایک بار پھر صدر میکرون کے ساتھ نظر آئیں گے۔ ویوا ٹیک یورپ کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی اور اختراعاتی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ اس سال اس تقریب میں بھارت کا سب سے بڑا قومی پویلین قائم کیا جائے گا، جو بھارت اور یورپ کے درمیان ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت ہوگا۔
بھارتی برادری سے کریں گے ملاقات
وزیرِاعظم نے کہا کہ وہ پیرس میں مقیم بھارتی برادری کے افراد سے ملاقات کے بھی خواہش مند ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط سماجی اور ثقافتی پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ بھارت، یورپ اور جی-7 ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی شراکت داریوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







