
نئی دہلی: نریندر مودی جمعہ کو چنئی پہنچیں گے، جہاں سے وہ اپنے دو روزہ انتخابی دورے کا آغاز کریں گے۔ تامل ناڈو میں 23 اپریل کو ہونے والے انتخابات اور پڈوچیری میں 9 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ کے پیش نظر وزیر اعظم کا یہ دورہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی کے پیش نظر چنئی شہر کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔پروگرام کے مطابق وزیر اعظم مودی جمعہ کو تقریباً 3:20 بجے چنئی ایئرپورٹ پہنچیں گے، جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیدھے پڈوچیری روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ شام کے وقت ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ پڈوچیری سے واپسی کے بعد وزیر اعظم چنئی کے گِنڈی علاقے میں واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کریں گے، جہاں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ انتخابی حکمت عملی اور بوتھ مینجمنٹ پر اہم میٹنگ کریں گے۔
دورے کے دوسرے دن ہفتہ کو وزیر اعظم مودی پارٹی کارکنان سے ملاقات کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق وہ مائیلاپور یا ٹی نگر جیسے علاقوں میں روڈ شو بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعظم کیرالہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔وزیر اعظم مودی کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے چنئی پولیس نے شہر بھر میں کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ چنئی ایئرپورٹ، گوئِنڈی اورمینمباکم کے علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں ڈرون، ریموٹ کنٹرول مائیکرو لائٹ ایئرکرافٹ اور ہاٹ ایئر بیلون اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وزیر اعظم کے قافلے کے راستوں پر ٹریفک میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں وزیر اعظم کی موجودگی کارکنان میں نیا جوش پیدا کرے گی، جبکہ پڈوچیری میں ہونے والی ریلی کو انتخابی لحاظ سے فیصلہ کن سمجھا جا رہا ہے۔






