
نئی دہلی: آندھرا پردیش حکومت کے کابینہ وزیر اور تیلگو دیشم پارٹی کے جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں امراوتی بل کی منظوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس بل کے ذریعے امراوتی کو ریاست کی واحد اور مستقل دارالحکومت کے طور پر قانونی حیثیت دے دی گئی ہے، جسے آندھرا پردیش کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قراردیا جا رہا ہے۔ملاقات کے دوران نارا لوکیش نے وزیر اعظم مودی کو شال پیش کی اور ان کی حمایت پراظہار تشکر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات ان کے لیے باعث اعزاز رہی۔ انہوں نے لکھا کہ امراوتی بل کی منظوری پرآندھرا پردیش کے کروڑوں عوام کی جانب سے انہوں نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
نارا لوکیش نے اپنی پوسٹ میں امراوتی کے کسانوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کے خواب کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی زمینیں یکجا کیں اوربرسوں کی غیریقینی صورتحال کے باوجود ثابت قدم رہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی کہ امراوتی کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ کسانوں کی قربانیوں کا احترام کیا جا سکے۔بعد ازاں نارا لوکیش نے این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے بھی ملاقات کی اور بل کی منظوری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو، دیہی ترقی کے وزیر مملکت چندرشیکھر پیمسانی اورٹی ڈی پی، جنا سینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
نارا لوکیش نے اپنی ایک اور پوسٹ میں کہا کہ این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ نے امراوتی بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کے دوران ریاست اور کسانوں کے حق میں مضبوط آواز اٹھائی۔ انہوں نے ان تمام لیڈروں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔اس دوران آندھرا پردیش کے این ڈی اے ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی پارلیمانی امورکے وزیر کرن رجیجو سے بھی ملاقات کی اور بل کی منظوری میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر تیلگو دیشم پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ آندھرا پردیش تنظیم نو (ترمیمی) بل 2026 کو بدھ کے روز لوک سبھا میں منظور کر لیا گیا تھا، جب کہ اسے راجیہ سبھا میں بھی منظوری ملنے کی توقع ہے۔ اس بل کے ذریعے امراوتی کو واحد دارالحکومت کا قانونی درجہ ملنے سے طویل عرصے سے جاری غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کی امید ہے، جس سے حکمرانی، سرمایہ کاری اور ریاست کی مجموعی ترقی کو نئی رفتار مل سکتی ہے۔






