
کولکتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے درمیان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کی ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ یہ چارج شیٹ ٹی ایم سی حکومت کے 15 سال کے سیاہ کارناموں کا مجموعہ ہے۔
40 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ جاری
بی جے پی نے 40 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ ’ٹی ایم سی کے 15 سال، مغربی بنگال لہولہان‘ کے عنوان سے جاری کی، جس میں ترنمول کانگریس حکومت کے 15 سالہ دور کی خامیوں کو گنوایا گیا ہے۔ اس میں دراندازی، بڑے پیمانے پر بدعنوانی، ادارہ جاتی کمزوری، مالی بدانتظامی، انتظامی ناکامی، قانون و نظم کی خراب صورتحال، خواتین کی سلامتی، زرعی بحران، صحت خدمات کی بدحالی اور مختلف گھوٹالوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
دراندازی اور ووٹ بینک کی سیاست کا الزام
چارج شیٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹی ایم سی سے وابستہ سنڈیکیٹ دراندازوں کو ووٹ بینک بنانے کے لیے جعلی شناختی کارڈ فراہم کر رہے ہیں، جس سے قومی سلامتی اور آبادیاتی توازن کو خطرہ لاحق ہے۔ بی جے پی کے مطابق مغربی بنگال کی 2,216.7 کلومیٹر طویل سرحد میں سے 569 کلومیٹر پر اب بھی باڑ نہیں لگائی گئی، جس کی وجہ زمین کے حصول میں تاخیر کو بتایا گیا ہے۔
سنڈیکیٹ راج اور بدعنوانی کے الزامات
بی جے پی نے ’بنگال میں سنڈیکیٹ راج‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کوئلہ، پی ڈی ایس، ایس ایس سی اور منریگا جیسے شعبوں میں بدعنوانی اور کمیشن کا کلچر پھیل چکی ہے۔ چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ 2016 سے اب تک 300 سیاسی قتل اور 13 ہزار سے زیادہ قتل کی کوششیں ہو چکی ہیں، جبکہ مرشدآباد، مومن پور اور مہیش تلا میں کئی مرتبہ فرقہ وارانہ کشیدگی بھی دیکھی گئی۔
خواتین کی سلامتی اور بے روزگاری کا مسئلہ
بی جے پی نے خواتین کے خلاف جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارک اسٹریٹ سے سندیش کھالی تک انصاف فراہم کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے۔ دعویٰ کیا گیا کہ 2023 میں خواتین کے خلاف 34,738 جرائم درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ 6,688 کمپنیوں کے ریاست چھوڑنے اور 18,450 ایم ایس ایم ای بند ہونے کا بھی ذکر کیا گیا۔ بی جے پی نے کہا کہ بے روزگاری کے باعث 40 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔
امت شاہ کا حکومت پر سخت حملہ
کولکتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ یہ چارج شیٹ بنگال کے عوام کی طرف سے ممتا بنرجی حکومت کے خلاف لگائے گئے الزامات کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ خوف کو چنتے ہیں یا اعتماد کو۔ انہوں نے کہا کہ سونار بنگال کا خواب دکھا کر سنڈیکیٹ راج قائم کیا گیا اور عوام کا استحصال کیا گیا۔ ان کے مطابق مغربی بنگال بدعنوانی کی تجربہ گاہ بن چکا ہے اور ترقی کے فقدان کے باعث صنعتوں کے لیے ریاست قبرستان بنتی جا رہی ہے۔
بی جے پی حکومت بنانے کا دعویٰ
امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ 6 مئی کو مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنے گی اور 45 دن کے اندر سرحد پر باڑ لگانے کے لیے زمین فراہم کی جائے گی تاکہ دراندازی کو روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی گھوٹالوں میں متاثر نوجوانوں کو 5 سال کی عمر میں نرمی دی جائے گی اور ایس ایس سی بھرتیوں میں شفاف عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔






